(لاہور نیوز) دودھ میں ملاوٹ اور جعلسازی کی روک تھام کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں مزید تیز کر دیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر علی الصبح دودھ بردار گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ کی گئی، جس کے دوران 51 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق چیکنگ کے دوران 48 گاڑیوں کے دودھ کے نمونے معیار پر پورا اترے، جبکہ 3 گاڑیوں کے نمونے فیل ہونے پر 3 ہزار 150 لٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا، متعلقہ سپلائرز کو جرمانے عائد کئے گئے، ایک مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کچا جیل روڈ پر واقع ایک ملک شاپ سے جعلی دودھ برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، لیبارٹری تجزیے کے مطابق دودھ میں پانی، ویجیٹیبل گھی، کیمیکل اور دیگر ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ پائی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دکان پر دہی جمانے کیلئے نان فوڈ گریڈ لکڑی جبکہ برتن دھونے کیلئے سرف استعمال کیا جا رہا تھا، جو خوراک کی تیاری کے مقررہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے، ان کے مطابق تلف کیا گیا دودھ لاہور اور اس کے مضافاتی علاقوں میں فروخت کیا جانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ویجلنس اور ڈیری سیفٹی ٹیموں کی طویل ریکی کے بعد جعلی دودھ فروخت کرنے والی دکان کا سراغ لگایا گیا، خوراک میں جعلسازی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
