(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر شاہدرہ، ٹولنٹن، احمد پارک اور گرد و نواح میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے مطابق آپریشن کے دوران 24 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 4 یونٹس کو بند جبکہ 20 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
شاہدرہ میں ایک قلفی شاپ سے 200 کلو ناقص کھویا، تیار قلفیاں اور 300 لٹر گاڑھا ملاوٹی محلول برآمد کر کے تلف کر دیا گیا، لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران تلف کئے گئے کھوئے اور قلفی میں سٹارچ کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ایک ڈیری پروڈکشن یونٹ، ایک ریسٹورنٹ، ایک میرج ہال اور ایک چکن شاپ کو سابقہ ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے اور سنگین خلاف ورزیوں پر بند کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق معائنہ کے دوران متعدد یونٹس کے کچن میں حشرات کی بھرمار، تعفن زدہ ماحول، گندے، بدبودار اور فنگس زدہ فریزرز میں ڈیری مصنوعات اور گوشت کو ایک ساتھ ذخیرہ کیا جانا پایا گیا۔
مزید برآں آئل تبدیلی کا ریکارڈ، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، جبکہ خام اور تیار شدہ اشیاء پر تاریخِ تیاری اور تاریخِ تنسیخ درج نہیں تھی، بعض فوڈ پوائنٹس پر پروسیسنگ ایریا میں سگریٹ نوشی اور غیر فلٹر شدہ پانی کے استعمال کی بھی نشاندہی ہوئی۔
سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، صحت دشمن عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
