(لاہور نیوز) ڈینگی وائرس کے خطرات بدستور برقرار ہیں، جبکہ 30 ہزار سے زائد ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق سمن آباد ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن ان علاقوں میں شامل ہیں جہاں ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی تعداد زیادہ ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے تاحال ڈینگی سرویلینس کا باقاعدہ آغاز نہیں کیا جا سکا، جبکہ شہر میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب بھر میں ڈینگی کے 40 کنفرم کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے باعث رواں سال وائرس کے مزید پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور انسدادِ ڈینگی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو۔
خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ جس گھر سے بھی ڈینگی لاروا برآمد ہو گا وہاں ریڈ سٹیکر آویزاں کیا جائے گا، جبکہ جن علاقوں میں ڈینگی لاروا یا مریض رپورٹ ہوں گے وہاں فوری طور پر ڈینگی سپرے اور دیگر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔
