(لاہور نیوز) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر سگیاں پل اور گردونواح میں فوڈ سیفٹی آپریشن کے دوران ناقص صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک معروف بیکری کو سیل جبکہ 15 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 33 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران بیکری میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اور حشرات کی بھرمار پائی گئی، پروسیسنگ ایریا میں تعفن، مکھیاں، چھپکلیاں اور چوہوں کی موجودگی بھی سامنے آئی، جبکہ کھلی نالیاں، زنگ آلود ٹرے اور گندے کنٹینرز کے استعمال کا انکشاف ہوا۔
سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ معائنے کے دوران ملازمین کی ذاتی صفائی کی صورتحال بھی انتہائی خراب پائی گئی، جبکہ ان کے میڈیکل اور فوڈ سیفٹی ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی پاسداری ہر فوڈ بزنس آپریٹر کی ذمہ داری ہے اور خوراک میں ملاوٹ یا صارفین کو دھوکہ دینے والوں کیلئے زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں صحت دشمن عناصر کے خلاف صوبہ بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
