کاہنہ میں ماں اور 3 بچوں کی ہلاکت: محلہ داروں کے اہم انکشافات، شوہر پر الزامات
(لاہور نیوز) کاہنہ کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے میں محلہ داروں کے بیانات سامنے آ گئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق گھر سے بچوں کے رونے اور چیخنے کی آوازیں سنائی دیں تو انہوں نے فوری طور پر دروازہ کھٹکھٹایا اور گھر کے مالک ناصر کو اطلاع دی۔ محلہ داروں کا کہنا ہے کہ ناصر نے باہر آ کر بتایا کہ اس کے بچے گھر پر موجود نہیں بلکہ فلم دیکھنے گئے ہوئے ہیں۔
محلہ داروں کے مطابق کچھ دیر بعد ناصر کی اہلیہ علینہ گھر سے باہر آئیں اور روتے ہوئے مدد کے لیے پکارا کہ "مجھے اور میرے بچوں کو بچا لو، یہ ہمیں قتل کر رہا ہے۔"
عینی شاہدین کے مطابق گھر کے اندر جا کر دیکھا گیا تو دو بچے مردہ حالت میں پڑے تھے جبکہ ایک بچہ تڑپ رہا تھا۔ اسی دوران علینہ کو خون کی قے آئی اور وہ گر پڑیں، جنہیں فوری طور پر نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
محلہ داروں کا کہنا ہے کہ واقعہ کے وقت ناصر گھر میں موجود تھا، جبکہ بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں سوسائٹی کی سکیورٹی ٹیم کو بلایا گیا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔
ابتدائی طور پر محلہ داروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ واقعہ میاں بیوی کے درمیان مبینہ جھگڑے کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔
