لاہورہائیکورٹ میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے تیسرے ہفتے کا ججز روسٹر جاری کر دیا گیا
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے تیسرے ہفتے کا ججز روسٹر جاری کر دیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) سید شبیر حسین شاہ نے روسٹر کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کا اطلاق 20 جولائی بروز پیر سے ہوگا۔
روسٹر کے مطابق پرنسپل سیٹ پر پانچ ڈویژن بنچ مختلف نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کریں گے، جبکہ 11 ججز سنگل بنچ کے طور پر مقدمات کی سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس فیصل زمان اور جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ سول اپیلوں کی سماعت کریں گے، جبکہ جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس محمد طارق ندیم کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ فوجداری اپیلوں کی سماعت کریں گے۔
روسٹر کے مطابق موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران صرف اہم اور فوری نوعیت کی درخواستیں دائر کی جا سکیں گی۔ لاہور ہائیکورٹ کی موسمِ گرما کی تعطیلات ستمبر کے پہلے ہفتے تک جاری رہیں گی۔
