(لاہور نیوز) شیراکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تیار پتنگیں فروخت کرنے والے ایک ملزم کو بھاری تعداد میں پتنگوں سمیت گرفتار کر لیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کے مطابق شیراکوٹ پولیس نے بابو صابو کے علاقے میں کارروائی کے دوران ملزم ژرف کو گرفتار کیا، ملزم پتنگوں کی ترسیل اور فروخت کیلئے گتے کے بڑے ڈبوں کا استعمال کرتا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچ سکے۔
پولیس کے مطابق ملزم لاہور سمیت دیگر اضلاع میں بھی پتنگوں کی سپلائی میں ملوث تھا، کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 500 تیار پتنگیں برآمد کر لی گئیں، جبکہ اس کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
