(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کیلئے خصوصی ٹیکس سکیم متعارف کرا دی۔
سکیم کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے دکاندار فائدہ اٹھا سکیں گے، اہل دکاندار اپنے کاروبار پر صرف ایک فیصد انکم ٹیکس ادا کریں گے، تاہم اس سہولت سے استفادہ کرنے کیلئے کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس جمع کرانا اور آئرس پورٹل، موبائل ایپ یا ایف بی آر ٹیکس دفاتر کے ذریعے رجسٹریشن کرانا لازمی ہو گا۔
ایف بی آر کے مطابق اس سکیم میں شامل دکانداروں کو معمول کے ٹیکس آڈٹ، سیلز ٹیکس پی او ایس سسٹم، ڈیجیٹل انوائسنگ اور سیکشن 153 کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس کٹوتی سے بھی استثنیٰ حاصل ہو گا، جبکہ کارروائی صرف ٹیکس چوری یا غیر معمولی مالی لین دین کی صورت میں کی جا سکے گی۔
حکام کے مطابق اہل دکانداروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی، جس پر کیو آر کوڈ، این ٹی این اور دکان کی تفصیلات درج ہوں گی، اور گرین پلیٹ والی دکانوں میں ایف بی آر افسر بلاوجہ داخل نہیں ہو سکیں گے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ 20 کروڑ روپے سے زائد کاروبار، ایک سے زیادہ دکانوں کے مالکان، ٹائر ون ریٹیلرز، جیولرز اور پروفیشنل افراد اس سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔
ادارے نے اس مجوزہ سکیم پر تاجروں اور عوام سے سات روز کے اندر تجاویز اور اعتراضات بھی طلب کر لئے ہیں۔
