(لاہور نیوز) پنجاب کے سرکاری کالجز میں تدریسی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عارضی اساتذہ کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رواں سال مزید ایک ہزار کے قریب کالج ٹیچر انٹرنز بھرتی کرنے کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کالجز پنجاب نے نئی بھرتیوں سے متعلق سمری محکمہ ہائر ایجوکیشن کو ارسال کر دی ہے، جس میں خالی تدریسی آسامیوں کو عارضی بنیادوں پر پُر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
گزشتہ سال پنجاب کے سرکاری کالجز میں تقریباً 7 ہزار کالج ٹیچر انٹرنز تعینات کیے گئے تھے۔ حکام کے مطابق 700 سے زائد اساتذہ ریٹائر ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد اساتذہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے رخصت پر ہیں، جس کے باعث مختلف کالجز میں تدریسی عمل متاثر ہو رہا ہے۔
خالی آسامیوں کو پُر کرنے اور طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے نئے کالج ٹیچر انٹرنز رکھنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ کالج ٹیچر انٹرنز کے ماہانہ وظیفے میں اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ سفارش کی گئی ہے کہ موجودہ وظیفہ 50 ہزار روپے ماہانہ سے بڑھا کر 65 ہزار روپے ماہانہ کر دیا جائے۔
حتمی منظوری کے بعد نئی بھرتیوں اور وظیفے میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
