(لاہور نیوز) فیفا ورلڈکپ 2026ء کے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے معرکے میں کینیڈا نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے محتاط انداز اپنایا، تاہم کینیڈا نے زیادہ تر وقت گیند پر کنٹرول برقرار رکھا مگر جنوبی افریقہ کے دفاع اور گول کیپر نے ان کی ایک نہ چلنے دی۔
پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، جبکہ دوسرے ہاف میں بھی مقابلہ سخت رہا اور ایسا محسوس ہونے لگا کہ میچ اضافی وقت کی جانب بڑھ جائے گا۔
اسی دوران انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں کینیڈا کے مڈفیلڈر سٹیفن یوسٹاکیو نے شاندار لانگ رینج شاٹ کے ذریعے فیصلہ کن گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
اس تاریخی فتح کے ساتھ کینیڈا نے پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔
