(لاہور نیوز) فیفا ورلڈکپ 2026ء گروپ ایل کے اہم میچ میں انگلینڈ نے پاناما کو 0-2 سے شکست دے کر کامیابی کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔
میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں انگلینڈ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 62ویں منٹ میں جوڈ بیلنگھم نے شاندار گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، صرف 5 منٹ بعد ہی کپتان ہیری کین نے بیلنگھم کے پاس پر گیند کو جال کی راہ دکھاتے ہوئے سکور 0-2 کر دیا۔
پاناما نے خسارہ کم کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن انگلش دفاع نے ان کے تمام حملے ناکام بنا دیے اور میچ کے اختتام تک برتری برقرار رکھی۔
اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے گروپ ایل میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا، جبکہ پاناما کا ایونٹ میں سفر بغیر کسی کامیابی کے اختتام پذیر ہوا۔
