(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ای چالان نادہندگان کے خلاف یکم جولائی سے بھرپور اور بلاامتیاز کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اور ای چالان ادا نہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس موقع پر ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے ای چالان کی تصدیق کرتی ہے، جبکہ صوبہ بھر میں ای چالان نادہندگان سے ریکوری کے عمل کو بھی اسی نظام کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ای چالان کی تفصیلات پنجاب سیف سٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کریں اور کسی بھی قسم کے آن لائن فراڈ یا جعل سازی سے بچنے کیلئے صرف سرکاری ذرائع سے معلومات کی تصدیق کریں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پنجاب سیف سٹی ای چالان کی ادائیگی کیلئے کسی قسم کا آن لائن لنک ارسال نہیں کرتا، لہٰذا شہری مشکوک پیغامات اور غیر مصدقہ لنکس پر ہرگز اعتماد نہ کریں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ای چالان بروقت ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے، پنجاب میں قانون شکن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور سڑکوں پر نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
