(محمد اشفاق) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو مغلپورہ میں پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے کا تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 68 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں اعجاز چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے سزا یافتہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیداد بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم بھی دیا، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو 5، 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
تحریری فیصلے میں عدالت نے شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ استغاثہ ان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ریکارڈ سے ثابت ہوا کہ وقوعہ کے وقت شاہ محمود قریشی لاہور میں موجود نہیں تھے، عدالت نے قرار دیا کہ 9 مئی کو شاہ محمود قریشی کراچی میں اپنی اہلیہ کے علاج معالجے کے سلسلے میں موجود تھے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی نے کراچی کے سفری ٹکٹوں اور میڈیا گفتگو سمیت دیگر شواہد عدالت میں پیش کیے، جن سے ان کی لاہور میں عدم موجودگی ثابت ہوئی، تھانہ مغلپورہ پولیس کی جانب سے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جس پر سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
