(لاہور نیوز) سی ٹی او لاہور نے آج شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کا اعلان کر دیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ بغیر ہیلمٹ کوئی موٹر سائیکل شہر میں داخل نہیں ہوگا، مال روڈ، جیل روڈ،کینال روڈ،مین بلیوارڈ روڈ پر موٹرسائیکلسٹ کو چلنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔،
اس سلسلے میں ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو شہر کے تمام داخلی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال 139 مہلک ٹریفک حادثات میں 96 موٹرسائیکل سوار جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ سر پر لگنے والی چوٹیں اموات کی سب سے بڑی وجہ قرار دی گئی ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ سخت انفورسمنٹ کا مقصد ریونیو جنریٹ کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی زندگیاں بچانا ہے، جان لیوا حادثات میں 73 فیصد موٹرسائیکل سوار شامل ہوتے ہیں، اس لیے ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
لاہور میں رجسٹرڈ 82 لاکھ گاڑیوں میں سے 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں ہیں، جو ٹریفک حادثات میں بھی سرفہرست ہیں۔
سی ٹی او کا مزید کہنا تھا کہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم سے 40 فیصد ہیڈ ٹراما میں کمی ہوئی،مزید کمی لانا ہوگی۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ چالان کے خوف سے نہیں بلکہ اپنی جان کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ پہنیں، کیونکہ ہیلمٹ اور لین لائن ڈسپلن محفوظ سفر کی ضمانت ہیں۔
