(لاہور نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر ملکی سموں کا استعمال ممنوع قرار دیتے ہوئے شہریوں کے لیے اہم الرٹ جاری کر دیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں غیر ملکی سموں کے استعمال کے حوالے سے ایک اہم اور ہنگامی عوامی آگاہی الرٹ جاری کر دیا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سموں کا استعمال غیر قانونی و ممنوع ہے اور یہ شہریوں کے لیے شدید قسم کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں پی ٹی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایسی غیر ملکی سموں سے کی جانے والی کالوں اور پیغامات کے نتیجے میں صارفین کی انتہائی حساس ذاتی اور مالی معلومات غیر محفوظ ہو سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ان سموں کا استعمال نہ صرف ڈیٹا ہیکنگ اور مالیاتی فراڈ کا خطرہ بڑھاتا ہے بلکہ یہ صارفین کے لیے سنگین قانونی پیچیدگیوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے "ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ قدم” کے سلوگن کے تحت شہریوں کو ہدایت کی غیر ملکی سموں کے ذریعے ہونے والے رابطے سائبر کرائم اور مالیاتی چوری کا سبب بن سکتے ہیں، جن سے بچنا لازمی ہے اور ممنوعہ سموں کے استعمال پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا کہ شہری کسی بھی غیر تصدیق شدہ یا غیر ملکی نیٹ ورک کی سم کو اپنے فون میں فعال کرنے سے مکمل گریز کریں۔
عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مالی و ذاتی ڈیٹا کے تحفظ اور کسی بھی قسم کی قانونی گرفت سے بچنے کے لیے صرف پاکستان کے منظور شدہ اور تصدیق شدہ موبائل نیٹ ورکس کی سمز ہی استعمال کریں۔
