(لاہور نیوز) شہریوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل مزید آسان بنانے کیلئے فری میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ابتدائی مرحلے میں شہر کے 13 سرکاری ہسپتالوں میں فری میڈیکل فٹنس کاؤنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں، جہاں ڈرائیونگ لائسنس کے خواہشمند افراد کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی، ان ہسپتالوں میں ڈی ایچ کیو میاں میر، ڈی ایچ کیو مزنگ، جنرل ہسپتال غازی آباد، ٹی ایچ کیو سبزہ زار، گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد، گورنمنٹ جنرل ہسپتال قلعہ گجر سنگھ، شاہدرہ، بلال گنج، سوڈیوال، کاہنہ، رائے ونڈ اور سوامی نگر شالیمار شامل ہیں۔
حکام کے مطابق کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی ہو گا، جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کی روک تھام کیلئے جدید ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم کو محکمہ صحت کے آن لائن نظام سے منسلک کرنے کی تجویز پر بھی غور جاری ہے، اس اقدام سے شفافیت میں اضافہ اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
