(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھرپور کامیابی حاصل کی ہے اور انتخابات میں اکثریت حاصل کرکے سب کو حیران کر دیا ہے، عوام نے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں اور قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ حکومت کو کشمیر پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا بہتر حل تلاش کیا جا سکتا ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر ایک ہی کاز سے منسلک ہیں اور دونوں خطوں کے عوام کے مسائل اور جذبات کو سمجھنا ضروری ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں بڑا اپ سیٹ کرے گی اور عوامی حمایت کے ساتھ مزید مضبوط سیاسی قوت بن کر ابھرے گی، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کریں گے۔
تقریب میں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
