(لاہور نیوز) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈیفالٹر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے شہر میں زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی۔
سی ٹی او کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، فیروزپور روڈ اور وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں، کارروائی کے دوران پکڑی جانے والی نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کو تمام بقایا ای چالان فوری جمع کروانا ہوں گے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ای چالان ڈیفالٹرز کیلئے پولیس کی 14 اہم سروسز محدود کر دی گئی ہیں، نادہندگان ڈرائیونگ لائسنس سروسز، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور مختلف تصدیقی سہولیات حاصل نہیں کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنس سسٹم کو آپس میں منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ نادہندگان کی مؤثر نشاندہی کی جا سکے، سگنل کی خلاف ورزی، لین لائن عبور کرنے، ون وے کی خلاف ورزی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں سمیت مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کئے جا رہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ای چالان سے بچنے کیلئے نمبر پلیٹس میں ردوبدل یا چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی جاری ہے، انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں کیونکہ منظم اور محفوظ ٹریفک نظام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
