(لاہور نیوز) ہربنس پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی بڑی ترسیل ناکام بنا دی اور دو بین الاضلاعی پتنگ ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر دورانِ پٹرولنگ کارروائی کی، ملزمان حیدر علی اور خرم کو مختلف اضلاع میں پتنگیں اور ڈور سپلائی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 600 تیار پتنگیں، 25 چرخیاں کیمیکل ڈور اور سینکڑوں پتنگیں بنانے کا خام مال برآمد کر لیا۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے آن لائن لوکیشنز کے ذریعے مختلف اضلاع میں پتنگوں اور ڈور کی سپلائی کا اعتراف کیا ہے، ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، ایس پی کینٹ اختر نواز نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد اور پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔
