لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹ ، فرنٹ و بیک لائٹس کے بغیر کمرشل گاڑیوں کا شہر میں داخلہ بند
:(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے رات گئے ہیوی ٹریفک کی چیکنگ کے لیے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر جنرل ہولڈ اپ کا انعقاد کیا۔
یہ کارروائی چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق راوی ہل، سگیاں، بابو صابو، ٹھوکر نیاز بیگ، رائیونڈ روڈ، گجومتہ، بیدیاں روڈ، برکی روڈ اور مناواں سمیت متعدد اہم مقامات پر خصوصی ناکے لگا کر کمرشل گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور بغیر فرنٹ و بیک لائٹس والی کمرشل گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق صرف درست اور مؤثر لائسنس رکھنے والی کمرشل گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریت، مٹی اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی لوڈر ٹریکٹر ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھانپے بغیر سڑکوں پر چلنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سی ٹی او کے حکم پر تمام ڈویژنل اور سرکل افسران خود مختلف ناکوں پر موجود رہے اور چیکنگ کے عمل کی نگرانی کرتے رہے۔ اس دوران ہائی بیم استعمال کرنے اور بیک لائٹس کے بغیر چلنے والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
