(ویب ڈیسک) پانی کو صحت کیلئے بنیادی اور ناگزیر قرار دیا جاتا ہے، تاہم ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزمرہ کے معمولات میں چائے اور کافی کو معتدل مقدار میں شامل کرنے سے صحت کے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور مشروبات، خصوصاً چائے اور کافی، جسمانی خلیات کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں، جو افراد روزانہ مجموعی طور پر 7 سے 8 کپ مشروبات (جس میں چائے، کافی اور پانی شامل ہیں) استعمال کرتے ہیں، ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ نسبتاً کم پایا گیا۔
مطالعے کے مطابق روزانہ تقریباً 2 کپ کافی اور 3 کپ چائے کا امتزاج قبل از وقت موت کے خطرے کو 45 فیصد تک کم کر سکتا ہے، تحقیق میں ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جن کی صحت کا 13 سال تک مشاہدہ کیا گیا، اس دوران ان کے روزانہ چائے، کافی اور پانی کے استعمال سے متعلق تفصیلات سوالناموں کے ذریعے جمع کی گئیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ چائے اور کافی میں موجود پولی فینولز جیسے اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں سوزش اور آکسیڈیٹو اسٹریس کو کم کرتے ہیں، جس سے میٹابولک امراض جیسے ٹائپ 2 ذیابیطس، موٹاپا اور دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔
تاہم محققین نے واضح کیا کہ پانی اب بھی صحت کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ چائے اور کافی کا معتدل استعمال ہی فائدہ مند ہے، زیادہ کیفین کے استعمال سے دل کی دھڑکن تیز ہونا، بے چینی اور نیند کے مسائل جیسے اثرات بھی سامنے آ سکتے ہیں، جبکہ زیادہ پانی پینے سے جسم میں نمکیات کا توازن متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق چائے اور کافی کا متوازن استعمال صحت مند طرزِ زندگی کا حصہ بن سکتا ہے، مگر ہر شخص کو اپنی جسمانی حالت اور کیفین برداشت کرنے کی صلاحیت کے مطابق مقدار کا انتخاب کرنا چاہئے۔
