(لاہور نیوز) تھانہ سول لائنز پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آن لائن آرڈرز پر شراب سپلائی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق پولیس نے لارنس روڈ کے علاقے میں کارروائی کے دوران ملزمان کو شراب سمیت حراست میں لیا، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30 امپورٹڈ شراب کی بوتلیں بھی برآمد کر لیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت گورب مسیح اور محسن مسیح کے ناموں سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر آن لائن آرڈرز پر شراب کی بوتلیں ڈیلیور کرنے کا کام کرتے تھے۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کیلئے ونگ انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا ہے۔
ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کی تباہی کا سبب بننے والے منشیات فروشوں اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، منشیات اور دیگر غیر قانونی اشیا کی سپلائی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
