(لاہور نیوز) صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں منعقد ہونے والے مسیحی عباداتی اور دعائیہ پروگراموں کے پیش نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سپروائزری افسران خود گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں، جبکہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں۔
حکم نامے کے مطابق ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی، جبکہ پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہرممکن طور پر چوکس رہنے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے مزید کہا کہ گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔
انہوں نے علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان پر زوردیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
