لاہور میں زائد کرایہ وصول پر20 ٹرانسپورٹ اڈے سربمہر، 6 گرفتار، ایڈمنسٹریٹر معطل
(لاہورنیوز)وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، مشیر وزیراعلیٰ ذیشان ملک اور ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) علی اعجاز کا لاری اڈا کا دورہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اُنہوں نے ٹرانسپورٹ اڈوں پر مسافروں کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا، لاری اڈا پر اوور چارجنگ اور چھتوں پر سفر کرنے پر سخت ایکشن لیتے پوئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔
ضابطوں کی سنگین خلاف ورزی پر 20 سے زائد ٹرانسپورٹ اڈے سیل اور زائد کرایہ وصولی اور دیگر خلاف ورزیوں پر 6 افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ ناقص کارکردگی اور غفلت پر ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا کو فوری معطل کر دیا گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، عوامی ٹرانسپورٹ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مسافروں کا استحصال کرنے والے ٹرانسپورٹرز قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
دوسری جانب مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر مافیا اور گرانفروشی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، مقررہ نرخوں سے زائد وصولی پر سخت ترین قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر اعلیٰ معیار اور ڈسپلن کو یقینی بنا رہے ہیں، خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کی جائے گی، فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
