(لاہور نیوز) منشیات فروش انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جبکہ اس کے خلاف درج مختلف مقدمات کی تفتیش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی سی آر او رانا زاہد حسین نے سابق نارکوٹکس انویسٹی گیشن یونٹ (این آئی یو) کے تین سابق تفتیشی افسران کو طلب کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سابق تفتیشی افسران فہد، نذاکت اور دیگر کے بیانات بھی ریکارڈ کر لئے گئے ہیں، انمول عرف پنکی اور اس کے بھائیوں کے خلاف کوٹ لکھپت، وحدت کالونی، اقبال ٹاؤن، لیاقت آباد اور گجر پورہ تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق این آئی یو کے تینوں تفتیشی افسران نے مذکورہ مقدمات میں انمول عرف پنکی کو اشتہاری قرار نہیں دلوایا، مزید یہ کہ کسی بھی تفتیشی افسر نے پنکی کے خلاف درج مقدمات میں اس کی باقاعدہ گرفتاری بھی نہیں ڈالی۔
پولیس ذرائع کے مطابق منشیات سیل کے دیگر اہلکاروں کو بھی تفتیش کیلئے طلب کئے جانے کا امکان ہے، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پنکی کو گرفتار نہ کرنے کے معاملے پر پولیس اہلکاروں اور افسران سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی، جبکہ ممکنہ ملی بھگت اور کرپشن کے پہلوؤں پر خفیہ انکوائری شروع کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔
