19 May 2026
: تھانہ سندر کے علاقے میں کم عمر گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کے واقعے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچی ایمان فاطمہ پر تشدد کا مقدمہ اس کی دادی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کے تحت مقدمہ نمبر 1671/26 تھانہ سندر میں درج ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مالک مکان انعم نے بچی پر چوری کا جھوٹا الزام لگا کر مبینہ طور پر اس پر تشدد کیا۔ واقعے کے بعد بچی کے جسم، بازوؤں اور آنکھوں کے قریب تشدد کے نشانات پائے گئے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ انعم کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ بچی کو قانونی تحفظ اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
