(لاہور نیوز) شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ماڈل روڈز پر انفورسمنٹ مہم کے تحت سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 17 ہزار 348 گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، خطرناک ڈرائیونگ پر 7 ہزار 188 موٹرسائیکلوں کو تھانوں میں بند کیا گیا۔
لین لائن کی خلاف ورزی پر 4 ہزار 132 گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ ٹریفک بہاؤ میں خلل ڈالنے والے 78 موٹر سائیکل سواروں اور 87 کم عمر ڈرائیورز کو چالان جاری کئے گئے۔
اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی پر 1 ہزار 224 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی پر 213 افراد کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 4 ہزار 910 افراد کو بھی جرمانے کئے گئے۔
حکام کے مطابق ماڈل روڈز کی نگرانی سیف سٹی کیمروں اور لائیو مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے مسلسل کی جا رہی ہے تاکہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈویژنل ایس پیز اور سرکل افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنائیں اور شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کا پابند بنایا جائے۔
