(لاہور نیوز) منکی پاکس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
حکام کے مطابق مزید تین افراد میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں 36 سالہ سمرا، 27 سالہ شفاقت علی اور 30 سالہ شان علی شامل ہیں، تینوں مریضوں کو میو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کر کے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال شہر میں منکی پاکس کے کیسز کی مجموعی تعداد 36 ہو چکی ہے، جبکہ یہ مرض ایک سے دوسرے شہری میں منتقل ہونے کے باعث تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات نہ ہونے کے باعث کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ متاثرہ مریضوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق مریضوں کی نگہداشت اور علاج کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
