(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں خسرہ کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق لاہور سمیت مختلف اضلاع میں خسرہ تیزی سے پھیل رہا ہے، صرف لاہور میں 24 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 345 سے تجاوز کر چکی ہے، رواں سال کے دوران اب تک 1695 مشتبہ مریض سامنے آ چکے ہیں، جس سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
حکام نے متاثرہ اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر سرویلنس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام ہسپتالوں و ضلعی انتظامیہ کو مانیٹرنگ سسٹم مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ڈائریکٹر ای پی آئی پنجاب نے والدین پر زور دیا ہے کہ بچوں کی بروقت ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ یہی خسرہ سے بچاؤ کا مؤثر طریقہ ہے، متاثرہ بچوں کو دیگر بچوں سے الگ رکھا جائے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کیا جا سکے۔
