(لاہور نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے ملک کے صحت کے نظام میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔
وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق سینٹرل ڈرگز لیبارٹری کراچی نے عالمی ادارہ صحت کی پری کوالیفیکیشن کامیابی سے حاصل کر لی ہے۔
اس سرٹیفیکیشن کے حصول کے بعد ڈریپ کی ٹیسٹنگ سروسز عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ سخت معیار پر پوری اترتی ہیں، جس سے ملک میں ادویات کی جانچ کے معیار کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ درجہ حاصل ہو گیا ہے، اس لیبارٹری میں جانچی جانے والی ادویات محفوظ، مؤثر اور اعلیٰ معیار کی حامل ہوں گی۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس اہم کامیابی پر ڈریپ اور سینٹرل ڈرگز لیبارٹری کراچی کی تکنیکی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت حکومتی صحت اصلاحات میں ایک بنیادی سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت صحت کے نظام کو محض علاج تک محدود رکھنے کے بجائے ایک جامع ہیلتھ کیئر نظام میں تبدیل کرنے کیلئے پُرعزم ہے، جہاں بیماریوں کی روک تھام اور معیار کو اولین ترجیح حاصل ہو۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ قومی لیبارٹریوں میں ادویات کا عالمی معیار کے مطابق تجزیہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کی پہلی دفاعی لائن ہے، جبکہ یہ کامیابی “میڈ اِن پاکستان” ادویات پر عالمی اعتماد کو بھی فروغ دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت کے بعد ملکی دواساز صنعت کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد اور مریضوں کا اعتماد مزید مستحکم ہو گا۔
وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارتِ صحت ریگولیٹری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پُرعزم ہے اور غیر معیاری و جعلی ادویات کے سدباب کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
