(لاہور نیوز) پولیس وائرلیس سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، پنجاب بھر میں نیا ڈیجیٹل کمیونیکیشن نظام مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے حکام کے مطابق لاہور اور قصور کے بعد اب صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی جدید وائرلیس سسٹم کی تنصیب شروع کر دی ہے، ابتدائی مرحلے میں لاہور اور قصور میں تقریباً 3 ہزار جدید ایل ٹی وائرلیس ہینڈ سیٹس فراہم کئے جا چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے ہینڈ سیٹس میں ویڈیو کالز، کانفرنس کالز، لائیو لوکیشن، ویڈیو ریکارڈنگ سمیت درجن سے زائد جدید فیچرز شامل ہیں، جو پولیس کے آپریشنل نظام کو مزید مؤثر اور محفوظ بنائیں گے۔
پراجیکٹ کے تحت بہتر فریکونسی کیلئے 87 جدید سسٹمز مختلف شہروں میں نصب کئے جا رہے ہیں، جبکہ سیف سٹیز کیمروں کی انسٹالیشن بھی متعلقہ اضلاع میں جلد مکمل کر لی جائے گی۔
حکام کے مطابق نئے معاہدے کے تحت پنجاب بھر میں ایل ٹی ہینڈ سیٹس کی فراہمی سے اربوں روپے کی بچت متوقع ہے، منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کر کے آئندہ سال تک پورے صوبے میں مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔
