(لاہور نیوز) ایس پی سٹی عاطف امیر نے تھانہ نولکھا، شاہدرہ اور شفیق آباد کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ایس پی سٹی نے تھانوں میں ایس آئی پی ایس کی ایس او پیز پر عملدرآمد اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا معائنہ کیا، اس موقع پر متعلقہ ایس ایچ اوز اور تھانے کا عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔
دورے کے دوران انہوں نے حوالات کا معائنہ کیا اور وہاں تعینات اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں، اس کے علاوہ تھانوں کی حاضری، ریکارڈ، مالخانہ جات اور صفائی کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایس پی سٹی عاطف امیر نے ہدایت کی کہ ایس آئی پی ایس کی سہولیات تک شہریوں کی آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے اور فرنٹ ڈیسک پر موصول ہونے والی درخواستوں پر قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ زیر حراست ملزمان پر تشدد اور غیر قانونی حراست ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس کی اولین ذمہ داری عوام کی حفاظت اور مدد کو یقینی بنانا ہے، جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
