(لاہور نیوز) گرین ٹاؤن میں خاتون کے بہیمانہ قتل کیس میں پولیس نے چند گھنٹوں میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ مقدس بی بی کو نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کر کے قتل کیا تھا۔ واقعے کی اطلاع اس وقت ملی جب مقتولہ کے شوہر محمد حنیف گھر پہنچے تو مرکزی دروازے پر تالا لگا تھا۔ کھڑکی سے اندر جھانکنے پر انہوں نے اپنی اہلیہ کی لاش دیکھی، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، لاش کو تحویل میں لے کر ضروری شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں اور شواہد کی بنیاد پر کیس کو چند ہی گھنٹوں میں ٹریس کر لیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مقتولہ کو اس کے دیور رضوان حیدر نے ذاتی رنجش کی بنا پر قتل کیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
