(لاہور نیوز) چوہنگ کے علاقے میں پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے کمسن بچے سے مبینہ بدفعلی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق ملزم کی شناخت عیش بہادر کے نام سے ہوئی ہے، جو ابتدائی تحقیقات میں پہلے بھی اسی نوعیت کے جرائم میں ملوث پایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، جس دوران اس کے ہاتھ میں موجود پستول چل گیا اور وہ خود ہی زخمی ہو گیا، زخمی حالت میں اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے چونکا دینے والے انکشافات کئے ہیں اور مبینہ طور پر 30 سے زائد بچوں کو نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان دعوؤں کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے۔
حکام نے ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کو انصاف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
