ریاض ایئرپورٹ کی بندش میں توسیع، پاکستان سے سعودی عرب جانے والی پروازیں منسوخ
(لاہور نیوز) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کر دی گئی ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ آج رات 12 بجے تک بند رہے گا، جبکہ ریڈار اور کمیونیکیشن نظام کا جائزہ لینے کیلئے بندش میں توسیع کی گئی ہے، سعودی عرب کا فلائٹ آپریشن تاحال غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، جس کے باعث پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے ریاض جانے والی 34 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور فضائی شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے اثرات مدینہ منورہ، جدہ اور دمام کے ایئرپورٹس کے فلائٹ آپریشن پر بھی مرتب ہوئے ہیں، تاہم دمام ایئرپورٹ کا فضائی آپریشن چھ گھنٹے کی بندش کے بعد بحال کر دیا گیا ہے۔
پاکستان میں کراچی سے 6، اسلام آباد سے 4، لاہور سے 12 اور پشاور سے 2 پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں، دوسری جانب سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں کشیدگی کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے مختلف شہروں کیلئے جانے والی متعدد پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے ریاض جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ایکس وائے 318، ریاض کیلئے پرواز ایف تھری 656 اور پرواز پی نائن 580 منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ لاہور سے دمام جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ایکس وائے 884 بھی منسوخ ہونے والی پروازوں میں شامل ہے۔
پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ سعودی عرب کیلئے فضائی آپریشن کی بحالی اور پروازوں کے معمول کے مطابق چلنے کے حوالے سے صورتحال غیر یقینی ہے۔
مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل متعلقہ ایئرلائن سے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال کی تصدیق کر لیں۔
