(لاہور نیوز) صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرامز کے پیش نظر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور پولیس کو فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر افسران کو سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپروائزری افسران خود گرجا گھروں اور اہم مقامات کے انتظامات کا جائزہ لیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کے مطابق حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ سنائپرز بھی تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد موثر پٹرولنگ جاری رکھیں گی۔
انہوں نے تاکید کی کہ تعینات افسران اور اہلکار ہر وقت الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان پر زور دیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
