(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے سرکاری ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹرز پر شہریوں کو چوبیس گھنٹے خدمات کی فراہمی جاری ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال ان کاؤنٹرز سے مجموعی طور پر 7028 میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے، جنرل ہسپتال سے 1385، جناح ہسپتال سے 1086 اور سروسز ہسپتال سے 887 میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری ہوئے، اسی طرح میو ہسپتال سے 439، گنگا رام ہسپتال سے 294 اور میاں منشی ہسپتال سے 793 سرٹیفکیٹس کا اجرا کیا گیا۔
علاوہ ازیں کوٹ خواجہ سعید ہسپتال سے 832، نواز شریف ہسپتال سے 234 اور ہیلتھ سینٹر برکی سے 215 سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے، مزید برآں ہیلتھ سینٹر اعوان ڈھائے والا سے 252، مانگا منڈی سے 195، رائیونڈ سے 245 اور چوہنگ سے 171 میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری ہوئے۔
ترجمان کے مطابق اسی دوران پولیس خدمت کاؤنٹرز کے ذریعے 1784 پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو بھی علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ پولیس خدمت کاؤنٹرز عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہیں، یہ کاؤنٹرز حادثات اور ہنگامی واقعات میں زخمیوں کو طبی و قانونی معاونت فراہم کر رہے ہیں، جبکہ میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس کے بروقت اجرا سے شہریوں کو قانونی امور کی انجام دہی میں بھی مدد مل رہی ہے۔
