(لاہور نیوز) پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران رواں سال اب تک 214 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق کینٹ ڈویژن میں 96، ماڈل ٹاؤن میں 32 اور صدر ڈویژن میں 29 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، اسی طرح اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 21، سٹی ڈویژن میں 18 جبکہ سول لائنز ڈویژن میں بھی 18 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو پرائس کنٹرول ایکٹ پر عملدرآمد کیلئے بھرپور قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف قانونی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، جبکہ فیلڈ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات تیز کریں۔
حکام کے مطابق شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے یہ کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جائے گا۔
