(ویب ڈیسک) حکومت نے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی شفاف ترسیل اور نگرانی کیلئے ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے 12 ہزار پٹرول پمپس کیلئے 24 ہزار موبائل ڈیوائسز کی خریداری مکمل کر لی۔
ذرائع کے مطابق یہ موبائل فونز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے حوالے کر دیئے گئے ہیں، جبکہ فیول پارکنگ ایپ کو بھی ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ درآمد و برآمد ہونے والی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت اب ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے کی جائے گی، جس سے غیرقانونی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کی روک تھام ممکن ہو سکے گی، اس سسٹم کے ذریعے سٹاک، ترسیل اور خرید و فروخت کی مکمل نگرانی بھی کی جا سکے گی۔
پٹرول پمپ عملے کو نئے فیول مینجمنٹ سسٹم اور ایپ کے استعمال کی باقاعدہ تربیت دی جا رہی ہے، جس میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور وزارت آئی ٹی شامل ہیں، جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکار بھی اس عمل میں معاونت کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کیلئے منظور شدہ موبائل فونز ہی استعمال کئے جائیں گے اور تیار کردہ موبائل ایپ کی ٹیسٹنگ پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔
مزید برآں، حکومت شہریوں کیلئے پٹرول کے استعمال کا کوٹہ بھی متعارف کروانے جا رہی ہے، جو پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی تیار کردہ موبائل ایپ کے ذریعے نافذ کیا جائے گا، اس نظام کے تحت کسی بھی فرد کو مقررہ حد سے زیادہ پٹرول خریدنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
