(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے غیر منقولہ جائیداد کے مالکان کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسٹیمپ ڈیوٹی میں نمایاں کمی کی منظوری دے دی۔
حکومتی فیصلے کے تحت جائیدادوں پر اسٹیمپ ڈیوٹی کو 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس حوالے سے اسٹیمپ (ترمیمی) آرڈیننس پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اسٹیمپ ایکٹ 1899 میں اہم ترامیم کی جائیں گی۔
آرڈیننس کے متن کے مطابق شہری علاقوں میں اسٹیمپ ڈیوٹی پہلے ہی 1 فیصد ہے جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 3 فیصد تھی، جس کے باعث یکساں نظام میں مشکلات پیش آ رہی تھیں، نئی ترامیم کے ذریعے دیہی علاقوں میں بھی اسٹیمپ ڈیوٹی کو 1 فیصد تک لانے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ پورے صوبے میں یکساں قانون نافذ کیا جا سکے۔
مزید برآں، مجوزہ ترامیم کے تحت "قابلِ منتقلی معاہدہ" کو بھی اسٹیمپ ایکٹ 1899 میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جسے قانون کو مؤثر بنانے کیلئے ضروری قرار دیا گیا ہے۔
گورنر پنجاب 10 اپریل کو اس ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے چکے ہیں، جس کے بعد یہ آرڈیننس 90 دن کیلئے نافذ العمل ہو چکا ہے، آرڈیننس کو مزید غور و خوض کیلئے متعلقہ اسمبلی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
کمیٹی کی رپورٹ کے بعد آرڈیننس کو پنجاب اسمبلی سے باقاعدہ منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، اور ایوان سے منظوری کے بعد یہ باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔
