(لاہور نیوز) ایم-3 موٹروے کے قریب پیر محل میں موٹروے پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ فینسنگ برآمد کر لی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سینٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے پولیس اور ضلعی پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران کامیاب چھاپہ مارا، کارروائی موٹروے کے قریب چک نمبر 317 جی بی میں کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران 300 میٹر چوری شدہ فینسنگ برآمد کی گئی جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، کارروائی کے دوران دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان متعدد مقدمات میں مطلوب تھے، ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان سینٹرل ریجن کا کہنا ہے کہ جرائم کے خلاف ایسے مشترکہ آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ شاہراہوں اور ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
