
05 Jul 2025
(لاہور نیوز) پنجاب میں محرم الحرام کے دوران پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تمام واسا ایجنسیوں کو الرٹ جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق تمام واسا ایجنسیاں جلوس کے روٹس پر اضافی عملہ اور مشینری تعینات کریں گی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے اس حوالے سے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ واٹر سپلائی کا نظام، تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ٹیوب ویلز کو فعال رکھا جائے جبکہ مون سون ریلیف کیمپوں میں عملہ کی موجودگی 24 گھنٹے یقینی بنائی جائے گی۔
نورالامین مینگل نے کہا کہ یوم عاشور پر ممکنہ بارش کے پیش نظر ریلیف آپریشن کیلئےٹیمیں تشکیل دی جائیں، جلسے جلوس کے روٹس پر اضافی عملہ اور مشینری کی موجودگی یقینی بنائی جائے، افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ قائم رکھیں۔