(لاہور نیوز) سندر میں ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ کا مبینہ بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو حسن کے جال میں پھنسا کر بلیک میل کرنے والے گینگ کے دو ملزمان امتیاز علی اور قاسم علی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ شہری نے اپارٹمنٹ کرائے پر لینے کیلئے 6 ہزار روپے میں ڈیل طے کی تھی، تاہم مبینہ طور پر یہ ڈیل اسے 30 ہزار روپے میں پڑ گئی، مدعی مقدمہ کے مطابق کمرے میں داخل ہوتے ہی 6 لڑکیوں اور 5 کارندوں نے اسے گھیرے میں لے لیا اور اس کی نازیبا ویڈیوز بنا لیں۔
مدعی کے مطابق ملزمان نے ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکی دے کر ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جبکہ اس سے نقدی اور قیمتی موبائل فون بھی چھین کر فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ون فائیو (15) کال پر سندر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امتیاز علی اور قاسم علی کو گرفتار کر لیا، ایف آئی آر کے متن کے مطابق گرفتار ملزم امتیاز علی خود کو وکیل ظاہر کرتا تھا، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مبینہ ہنی ٹریپ گینگ ساہیوال کے رہائشی امتیاز علی کی سرپرستی میں کام کر رہا تھا اور شہریوں کا قیمتی ڈیٹا حاصل کرکے انہیں ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کیا جاتا تھا، واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ صحافت اور وکالت جیسے معتبر پیشوں کو مبینہ جرائم کیلئے استعمال کرکے بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک صورتحال یا واردات کی صورت میں فوری طور پر پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر اطلاع دیں۔
