لاہور ہائیکورٹ: ناقص کھاد سے فصل متاثر ہونے پر کسانوں کا صارف عدالت سے رجوع کرنے کا حق تسلیم
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے زرعی کھاد کے ناقص یا جعلی ہونے کے باعث فصل کی پیداوار متاثر ہونے کے معاملے میں کسان کو صارف عدالت سے رجوع کرنے کا حق دے دیا۔
جسٹس انوار حسین نے 9 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں قرار دیا کہ کاشتکاری کے ذریعے روزگار کمانے والا شخص بھی پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت صارف تصور ہو سکتا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ فصل کی پیداوار میں کمی سے منافع کا نقصان ہونا بذاتِ خود کھاد کی خریداری کو تجارتی مقصد نہیں بناتا۔ صرف منافع میں کمی کے بیان پر کسان کی شکایت ابتدائی مرحلے میں خارج نہیں کی جا سکتی۔
فیصلے کے مطابق زرعی کھاد بھی پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مصنوعات میں شامل ہے، جبکہ خود روزگار کے لیے استعمال ہونے والی مصنوعات کی خریداری کو قانون میں تجارتی مقصد سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ جعلی یا ناقص کھاد کی فروخت کا معاملہ بھی ازخود صارف عدالت کے دائرہ اختیار سے خارج نہیں ہوتا۔ کھاد کے معیار، اس کے اصل ماخذ اور فروخت کنندہ ڈیلر سمیت متعلقہ کمپنی کی ذمہ داری کا تعین شواہد کی روشنی میں کیا جانا چاہیے۔
لاہور ہائیکورٹ نے صارف عدالت گوجرانوالہ کا 23 اپریل 2024 کا شکایت خارج کرنے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے کسان کی اپیل منظور کر لی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ کسان کی شکایت دوبارہ زیرِ سماعت تصور کی جائے اور فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور شواہد فراہم کرنے کا مکمل موقع دیا جائے۔ صارف عدالت معاملے کا قانون کے مطابق نئے سرے سے فیصلہ کرے۔
واضح رہے کہ کسان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ خریدی گئی کھاد جعلی یا ناقص ہونے کے باعث اس کی فصل کی پیداوار متاثر ہوئی، تاہم صارف عدالت نے ابتدائی مرحلے پر اس کی شکایت خارج کر دی تھی، جس کے خلاف کسان نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
