(لاہور نیوز) پولیس نے گٹکا فروشوں اور شیشہ سموکنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے رواں سال کے دوران مجموعی طور پر 1299 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس اعداد و شمار کے مطابق گٹکا فروشی میں ملوث 1076 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 988 مقدمات درج کیے گئے۔ شیشہ سموکنگ کے خلاف کارروائیوں میں 223 ملزمان کو گرفتار کرکے 131 مقدمات درج کیے گئے۔
گٹکا فروشی کے خلاف کارروائیوں میں سول لائنز ڈویژن 540 گرفتاریوں کے ساتھ سرفہرست رہا، کینٹ ڈویژن میں 235 جبکہ سٹی ڈویژن میں 110 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
شیشہ سموکنگ کے خلاف کارروائیوں میں ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 69، اقبال ٹاؤن میں 53 جبکہ صدر ڈویژن میں 39 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے گٹکا اور شیشہ فروشی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل کی صحت سے کھیلنے والے عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے اطراف خصوصی نگرانی اور گٹکا و شیشہ فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
