گلشن راوی انویسٹی گیشن پولیس کی کارروائی، چور گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان گرفتار
(لاہور نیوز) گلشن راوی انویسٹی گیشن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شادی ہالز میں مہمانوں کا قیمتی سامان چوری کرنے والے گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے شہریوں کے چوری شدہ لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان شادی ہالز میں تقریبات کے دوران مہمانوں کی نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہو جاتے تھے۔
ایس پی انویسٹی گیشن رانا زاہد حسین کے مطابق ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف بھی کیا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ انویسٹی گیشن پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
