(لاہور نیوز) حکومتِ پنجاب نے صوبے کی 7 سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے تعلیمی و انتظامی معاملات میں ہم آہنگی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی " انٹر یونیورسٹی بورڈ" تشکیل دے دیا ہے۔
اس بورڈ کی سربراہی (کنوینئر) وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کریں گے، جبکہ دیگر 6سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اس کے اراکین ہوں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے سرکاری میڈیکل یونیورسٹیز کا انٹر یونیورسٹی بورڈ تشکیل دیا ہے۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس انٹر یونیورسٹی بورڈ کے کنوینئر مقرر کیے گئے ہیں۔کنگ ایڈورڈ ، فاطمہ جناح ، نشتر میڈیکل یونیورسٹی ،فیصل آباد اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز بورڈ کے رکن نامزد کیے گئے ہیں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز بھی بورڈ کے رکن ہونگے۔
انٹر یونیورسٹی بورڈ اعلیٰ طبی تعلیم کے یکساں معیار کو یقینی بنائے گا۔ بورڈ پنجاب کی تمام سرکاری میڈیکل یونیورسٹیز میں یکساں نصاب رائج کرے گا۔ بورڈ سرکاری طبی اداروں میں ہر سپیشلٹی کے مطابق یکساں عملی تربیت و مہارت یقینی بنائے گا۔ بورڈ امتحانی نظام ، میڈیکل ٹیچرز کی پرفارمنس جانچنے کا یکساں معیار مقرر کرے گا۔ بورڈ کا مقصد سرکاری یونیورسٹیز میں ایک معیار کی پوسٹ گریجوایشن تعلیم و تربیت ممکن بنانا ہے۔
