(لاہور نیوز) لاہور میں 830 سے زائد نجی سکولوں کی رجسٹریشن مستقل کر دی گئی۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی لاہور نے سکولوں کی رجسٹریشن کے کیسز کی منظوری دی، تفصیلات کے مطابق لاہور کے 830 سے زائد نجی سکولوں کو ابتدائی طور پر عارضی رجسٹریشن دی گئی تھی، تاہم رجسٹریشن سے متعلق مقررہ قواعد و ضوابط اور ایس او پیز پورے کرنے والے سکولوں کی رجسٹریشن اب مستقل کر دی گئی ہے۔
سی ای او ایجوکیشن لاہور سعید اصغر کے مطابق نجی سکولوں کی رجسٹریشن کے تمام کیسز کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جا رہا ہے، جن سکولوں نے رجسٹریشن کیلئے مقررہ قواعد و ضوابط اور ایس او پیز مکمل کر لئے ہیں، انہیں منظوری دی جا رہی ہے۔
سعید اصغر کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی لاہور کی جانب سے سکولوں کی رجسٹریشن کے فیصلے میرٹ اور مقررہ ضوابط کے مطابق کئے جا رہے ہیں، جبکہ زیر التوا کیسز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا عمل جاری ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کے تحت رجسٹریشن کے تقاضے پورے کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کو قانونی طور پر اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے دو سالہ رجسٹریشن فراہم کی جا رہی ہے۔
