(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں طلبہ سے صفائی کروانے پر پابندی عائد کر دی اور طلبہ کو جھاڑو لگانے، فرش دھونے اور کچرا اٹھانے جیسے کاموں میں شامل کرنے سے روک دیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ طلبہ سے صفائی کروانا تعلیمی اداروں کے بنیادی مقصد کے منافی ہے، سکولوں میں صفائی کے انتظامات کیلئے مختص عملہ تعینات کیا جائے یا متبادل انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
محکمے نے سکول سربراہان کو صفائی کے تمام انتظامات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ طلبہ کو کسی بھی صورت صفائی کے کاموں میں شامل نہ کیا جائے، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ اور سکول ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہدایت پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے سرکاری سکولوں کے اچانک معائنے بھی کیے جائیں گے، جبکہ تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن اتھارٹیز کو سات روز کے اندر عملدرآمد رپورٹ محکمہ سکول ایجوکیشن کو جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے مزید ہدایت کی ہے کہ صفائی سے متعلق پابندی کا نوٹیفکیشن تمام سرکاری سکولوں کے نوٹس بورڈز پر نمایاں جگہ آویزاں کیا جائے تاکہ اساتذہ، طلبہ اور سکول عملے کو حکومتی احکامات سے آگاہ کیا جا سکے۔
