(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں کم عمر ملزم کے دوستوں کو طلب کرنے کی درخواست پر سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہد سکندر نے مقدمے کی سماعت کی، سماعت کے موقع پر کم عمر ملزم افنان اپنے والد شفقت علی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا، عدالت میں ملزم کے دوستوں کو طلب کرنے سے متعلق دائر درخواست پر کارروائی کی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مقدمے کے حوالے سے کم عمر ملزم کے دوستوں کو بھی عدالت میں طلب کیا جائے تاکہ کیس سے متعلق مزید قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
سماعت کے دوران کم عمر ملزم اور اس کے والد کی عدالت میں موجودگی کے باوجود کیس کی کارروائی آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی گئی، عدالت نے مقدمے سے متعلق مزید سماعت کیلئے 4 دسمبر مقرر کر دی۔
واضح رہے کہ ڈیفنس میں پیش آنے والے کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں زیر سماعت ہے، واقعے میں مبینہ طور پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا تھا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کی تھی۔
